کاروار 6 نومبر (ایس او نیوز) بحر عرب میں مچھلیوں کا شکار کرنے کے دوران ماہی گیری بوٹ پر اچانک آگ لگ جانے سے پوری بوٹ جل کر خاکستر ہوگئی البتہ مینگلور سے ساحلی حفاظتی دستہ (انڈین کوسٹ گارڈس) کی بروقت برآمد اور کاروائی سے بوٹ پر سوار ساتوں ماہی گیروں کو بچالیا گیا۔
انڈین کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق انہیں جمعہ کی شب قریب دس بجے پیغام موصول ہوا کہ کاروار کے قریب سمندر میں فشنگ بوٹ " وردا " پر آگ لگ گئی ہے، فوری طور پر ایک ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور متعلقہ بوٹ پر سے سات ماہی گیروں کو دوسری ایک بوٹ "وجرا" پر منتقل کرتے ہوئے بچالیا گیا۔ قریب تین گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر بھی قابو پالیا گیا۔
اُڈپی کے ملپے کے رامپّا مینڈن کی ملکیت والی بوٹ کاروار کے قریب ماہی گیری کررہی تھی رات قریب دس بجے آگ کی لپیٹ میں آگئی تھی شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بوٹ کے انجن روم میں موجود بیٹری میں شارٹ سرکیوٹ ہونے کی وجہ سے بوٹ کو آگ لگ گئی تھی۔ خراب موسم کے باوجود کافی مشقتوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا اور ماہی گیری بوٹ واجرا کی مدد سے صبح قریب چار بجے جھلسی بوٹ کو کارواربندرگاہ تک لانے میں کوسٹ گارڈس کا عملہ کامیاب ہوا۔ معاملے کو بعد میں کوسٹل سیکوریٹی پولس کے حوالے کیا گیا ہے جو آگے کی کاروائی کرے گی اور آگ لگنے کی وجوہات وغیرہ کا پتہ لگائے گی۔
بوٹ سے بچائے گئے تمام ساتوں ماہی گیروں کی حالت ٹھیک بتائی جارہی ہے۔